لاہور (پنجاب پوسٹ) پیٹرول کی قیمت 400 روپے فی لیٹر تک پہنچنے اور پٹرولیم لیوی کے بوجھ کے خلاف پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور نے شہر بھر کی یونین کونسلوں کی سطح پر احتجاجی مظاہرے کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس حوالے سے فیصلہ جنرل سیکرٹری لاہور چوہدری حمید الحسن گجر کی زیرِ صدارت منعقدہ تنظیمی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے باعث عوام کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
چوہدری حمید الحسن گجر نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی میں فوری کمی کی جائے اور مہنگائی سے پریشان عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت 400 روپے فی لیٹر تک پہنچنے کے باوجود غریب عوام کو ریلیف نہیں مل رہا، حکومت بتائے کہ غریب اپنا گھر چلائے یا مہنگا پٹرول خریدے؟
پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور نے واضح کیا کہ عوامی مسائل پر خاموش نہیں رہا جائے گا اور مہنگائی و پٹرولیم لیوی کے خلاف شہر بھر کی یونین کونسلوں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔










