پنجاب حکومت کا انوکھا اقدام، اب جیلوں میں تعلیم دی جائے گی ، 17 ہزار سے زائد قیدی پڑھنے لگے

لاہور( پنجاب پوسٹ ) محکمہ داخلہ پنجاب نے وزیراعلیٰ کے جیل ریفارمز ایجنڈے کے تحت اہم پیشرفت کرتے ہوئے صوبے کی تمام جیلوں میں تعلیم بالغاں پروگرام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت قیدیوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان خان اور سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ڈسٹرکٹ جیل لاہور کا دورہ کیا جہاں اسیران کے لیے لٹریسی سینٹر کلاس رومز کا افتتاح کیا گیا اور اساتذہ و طلبہ سے ملاقات بھی کی۔

حکام کے مطابق پنجاب کی 44 جیلوں میں 176 لٹریسی سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں جہاں ایک وقت میں 17 ہزار 600 قیدی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ بڑی جیلوں میں 15 جبکہ چھوٹی جیلوں میں 4 لٹریسی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔

پروگرام کے تحت پڑھے لکھے قیدیوں کو بطور استاد ذمہ داریاں دی گئی ہیں جبکہ تعلیم حاصل کرنے اور پڑھانے والے قیدیوں کو سزا میں رعایت بھی دی جائے گی۔ لٹریسی اینڈ بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اساتذہ کو معاوضہ بھی ادا کرے گا۔

چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان خان کا کہنا ہے کہ جیلوں کو حقیقی معنوں میں اصلاحی مراکز بنایا جا رہا ہے اور ہر قیدی کی جیل میں داخلے کے وقت تعلیمی جانچ بھی کی جائے گی۔

سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے مطابق اگر کوئی قیدی تعلیم مکمل ہونے سے پہلے رہا ہو جائے تو اس کی تعلیم جیل سے باہر بھی جاری رکھی جائے گی، جبکہ صوبے میں 40 ہزار پروبیشنرز کے لیے بھی تعلیم بالغاں پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تعلیم اور تربیت کے ذریعے قیدیوں کی اصلاح ممکن بنائی جا رہی ہے تاکہ رہائی کے بعد وہ دوبارہ جرائم کی طرف نہ جائیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے