لاہور(پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری، اوورسیز پاکستانی کی بھائیوں کے خلاف وراثتی جائیداد کی شکایت، ایس ایچ او کو تحفظ اور حق دلوانے کا حکم
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری میں ایک اوورسیز پاکستانی نے شکایت پیش کی کہ اس کے بھائیوں نے اس کی وراثتی جائیداد چھین لی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او اسلام پورہ کو شہری کو تحفظ فراہم کرنے اور اسے اس کا حق دلوانے کا حکم دیا۔
کھلی کچہری میں جائیداد اور کرایہ داری سے متعلق متعدد دیگر شکایات بھی پیش کی گئیں۔ ایک مالک مکان نے الزام لگایا کہ کرایہ دار نے اس پر تشدد کیا اور جھوٹی درخواستیں دیں، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او ڈیفنس اے کو شواہد کی روشنی میں کارروائی کا حکم دیا۔ ایک خاتون نے بھائیوں پر جائیداد سے محروم رکھنے اور تشدد کا الزام لگایا، جس پر ایس ایچ او ڈیفنس سی کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈولفن سکواڈ کی کارروائی، آتش بازی کا سامان برآمد، 2 ملزمان گرفتار
سود خور کی دھمکیوں اور رقم خرد برد کی شکایت پر ایس ایچ اوز شمالی چھاؤنی اور گجر پورہ کو قانونی کارروائی کا حکم دیا گیا۔ ایک باپ نے بیٹے کے مبینہ ناروا سلوک کی شکایت کی، جس پر ایس ایچ او سبزہ زار کو اسے تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔
فیصل کامران نے کہا کہ کھلی کچہری میں ہر شہری کی شکایت توجہ سے سنی جا رہی ہے اور شہریوں کے مسائل کا میرٹ اور قانون کے مطابق فوری حل ان کی ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہفتے کے چھ روز اپنے دفتر میں کھلی کچہری لگاتے ہیں، جبکہ اتوار کو آن لائن کھلی کچہری میں شہری ان سے براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔













