سرگودھا میں 1,554 کنال 5 مرلہ سرکاری اراضی کی آن لائن نیلامی کا اعلان، ریزرو پرائس 74 کروڑ سے زائد مقرر

سرگودھا (پنجاب پوسٹ) ضلعی انتظامیہ سرگودھا نے 1,554 کنال 5 مرلہ سرکاری اراضی کی آن لائن نیلامی کا اعلان کر دیا۔ تین بڑی پراپرٹیز کی مجموعی ریزرو پرائس 74 کروڑ 44 لاکھ 95 ہزار 313 روپے مقرر کی گئی ہے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام حکومت پنجاب کی جانب سے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا گیا ہے۔ نیلامی میں لاہور روڈ پر واقع چک نمبر 88 جنوبی کی 129 کنال 15 مرلہ اراضی، موضع سیدوانہ لاہور روڈ کی 39 کنال شہری اراضی اور چک نمبر 51 شمالی کی 1,385 کنال 10 مرلہ وسیع اراضی شامل ہے۔

ترجمان کے مطابق پہلی پراپرٹی کی ریزرو پرائس 28 کروڑ 54 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ تینوں پراپرٹیز کی مجموعی ریزرو پرائس 74 کروڑ 44 لاکھ 95 ہزار 313 روپے ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق آن لائن نیلامی کا عمل 12 اکتوبر سے 4 نومبر 2026ء تک جاری رہے گا، جبکہ رجسٹریشن اور بولی کا آغاز 12 اکتوبر سے ہوگا۔ سرمایہ کاروں، تاجروں اور کاروباری اداروں کو شفاف طریقہ کار کے تحت سرمایہ کاری کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سرگودھا کے عوام کی فلاح و بہبود اور شہری سہولیات کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔ سرکاری اراضی کو معاشی سرگرمیوں کے لیے بروئے کار لانے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق خواہش مند سرمایہ کار رجسٹریشن، زرِ ضمانت اور بولی کی دیگر شرائط کا جائزہ لے کر آن لائن نیلامی میں حصہ لے سکتے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے