سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے دوسرے کانووکیشن کا انعقاد مقامی مارکی میں کیا گیا، جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف سیالکوٹ فیصل منظور، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الرحمٰن سمیت دیگر سیاسی و تاجر رہنما بھی شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ڈگری ایک نئے سفر کے آغاز کا ٹکٹ ہے، طلبہ معاشرے میں اپنا مقام بنانے کے لیے کوشش کریں۔ گزشتہ اڑھائی سے تین سال کے دوران پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر تاریخی پذیرائی ملی ہے۔ آج سے ڈیڑھ سال قبل اپنے ازلی دشمن کو شکست دی، جس کے بعد دنیا ہماری افواج کا لوہا مانتی ہے۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ماضی کی جنگوں میں اس حوالے سے شک کی گنجائش پیدا کی جاتی تھی کہ کون جیتا، تاہم معرکہ بنیان المرصوص میں پوری دنیا نے پاکستان کی فتح اور بھارت کی شکست تسلیم کی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈگریاں حاصل کرنا طلبہ کے لیے قابلِ فخر دن ہے۔ ڈگری پہلا قدم ہے، جبکہ اگلا مرحلہ ملک، والدین اور اپنی ذات کے لیے مزید محنت اور کوشش کرنا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی میں والدین کی محنت کا بھی اہم حصہ شامل ہے۔ طلبہ اپنے والدین کی توقعات پر پورا اتریں اور ایمانداری و محنت سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ طلبہ کی تعلیم اور کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ہمیشہ ان کا احترام کرنا چاہیے۔
کانووکیشن کے موقع پر یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیز کے طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں، جبکہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔











