سرگودھا ( پنجاب پوسٹ) سرگودھا میں معروف انٹرنیشنل کرکٹر نوید لطیف کے بیٹے محمد روحان پر تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق محمد روحان گھر سے گاڑی پر سودا سلف لینے نکلے تھے کہ راستے میں موٹر سائیکلوں پر سوار اوباش لڑکوں کے ایک گروپ نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری۔ گاڑی رکنے پر ملزمان نے انہیں باہر نکال کر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں عبد الرحمن، رانا حسن سمیت دیگر افراد ملوث ہیں جو مبینہ طور پر ڈیفنس ٹاؤن کے رہائشی ہیں۔ زخمی محمد روحان کو تشویشناک حالت میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ متاثرہ خاندان کی جانب سے ڈی پی او سرگودھا سے فوری کارروائی کی درخواست بھی کی گئی ہے۔














