اسلام آباد (پنجاب پوسٹ) 20 سالہ طالبہ نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی، متوفیہ نے امریکا جانے کیلیے ایجنٹ کو 50 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔
پولیس حکام نے اس حوالے سے بتایا کہ تھانہ رمنا کی حدود سے طالبہ کی لاش ملی ہے جس کی شناخت 20 سالہ لائبہ کے نام سے ہوئی ہے، متوفیہ انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کی طالبہ اور جی 10 مرکز کی رہائشی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق طالبہ کی لاش اتوار بازار کے قریب گرین بیلٹ سے ملی ہے، لائبہ نے امریکا جانے کیلیے ایجنٹ کو 50 لاکھ روپے دیے تھے، جعلی دستاویز کا علم ہونے پر طالبہ شدید ذہنی دباؤ میں تھی، وہ دوپہر 2 بجے کے قریب گھر سے بغیر بتائے نکلی تھی، موبائل لوکیشن کی مدد سے اہل خانہ گرین بیلٹ تک پہنچے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ واقعہ خودکشی کا لگتا ہے تاہم تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جعلساز ایجنٹ کے کردار اور فراڈ کی بھی تحقیقات جاری ہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد حقائق واضح ہوں گے۔











