کچے کے علاقے میں 23 ارب کے مںصوبے ، مریم نواز نے نیا پنجاب کی بنیاد رکھ دی

لاہور( پنجاب پوسٹ)پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کچہ ایریا کی ترقی اور خوشحالی کے لیے 23 ارب روپے کے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق وزیراعلیٰ نے 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی کچہ کے مکینوں میں تقسیم کرنے کی ہدایت دی ہے جبکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے جدید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ پہلی مرتبہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران کچہ ایریا میں کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا۔

ترقیاتی پروگرام کے تحت سکول، ہسپتال، سڑکیں اور پل تعمیر کیے جائیں گے جبکہ ٹرانسپورٹ، کلینک آن ویل، موبائل ویٹرنری ہسپتال اور لیبارٹری کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ سکیورٹی کے لیے جدید سولر انرجی سے چلنے والے ڈرونز، اے پی سی اور پولیس گاڑیوں میں سرویلنس کیمرے نصب کیے جائیں گے جبکہ تھانوں اور چیک پوسٹوں کو سیف سٹی مانیٹرنگ سے منسلک کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت 7.1 ارب روپے امن و امان، 13.9 ارب سوشل انفراسٹرکچر اور 1.7 ارب دیگر ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے جائیں گے۔ کچہ ایریا میں 108 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر اور 144 کلومیٹر پر مشتمل 27 اسکیمیں مکمل کی جائیں گی جبکہ 65 سکولوں کی اپ گریڈیشن، 16 نئے سکول اور دو گرلز کالج بھی قائم کیے جائیں گے۔

تعلیمی سہولیات کے فروغ کیلئے 6551 طالبات کو سکول میل پیک، 300 طلبہ کو ہونہار سکالرشپ اور 300 کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 125 ملین روپے کی لاگت سے سکلز پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔

حکومت نے کچہ ایریا میں نادرا رجسٹریشن، شناختی کارڈ اور ب فارم کے اجرا کا عمل بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ناجائز اسلحہ کی واپسی کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کچہ ایریا کے عوام کو بھی ترقی اور خوشحالی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے اور اس علاقے کو محفوظ، مثالی اور خوشحال بنایا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے