لاہور (پنجاب پوسٹ)پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں متوقع بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتے سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے زیر اثر 10 سے 14 اکتوبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 10، 11، 13 اور 14 اکتوبر کو لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ 10، 11 اور 13 اکتوبر کو فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے خبردار کیا ہے کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ انہوں نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو بھی الرٹ رہنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھی جائے، آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہا جائے اور غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے شہری گرج چمک کے دوران کھلے آسمان تلے نہ جائیں۔ والدین سے بھی کہا گیا ہے کہ بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی کی تاروں و کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں۔
ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔













