لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا ہے کہ کروڑوں گھر بنانے کے دعوے نہیں کیے بلکہ وہی وعدہ کیا جسے پورا کر سکتے ہیں، کھوکھلے نعروں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں، عوامی خدمت ہی ہماری سیاست کا محور ہے۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے اپنے حلقہ انتخاب میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر علاقہ عمائدین اور مختلف یونین کونسلز کے ارکان بھی موجود تھے۔
بلال یاسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کو ذاتی مفاد کے بجائے عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا ہے۔ عوام کے درمیان موجود رہنا اور ان کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ عوامی مسائل کا حل محض وعدوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ممکن ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت عوامی خدمت کے لیے ملتی ہے، دھرنوں، سازشوں اور گلی گلی احتجاج کی خواہش کے لیے نہیں۔ عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی اقدامات میں بدلنا ہماری ذمہ داری ہے۔











