لاہور(پنجاب پوسٹ) لوئر مال پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث مرد و خواتین پر مشتمل گروہ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے چند روز قبل لوئر مال اور نیو انارکلی کے علاقوں سے موٹر سائیکل چوری کی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شناخت چھپانے کے لیے ماسک کا استعمال کرتا اور خاتون کو ساتھ رکھتا تھا۔ موٹر سائیکل چوری کرنے کے بعد وہ کچھ آگے جا کر خاتون کو ساتھ بٹھا کر فرار ہو جاتا۔ گروہ شہر کے مختلف علاقوں میں مل کر وارداتیں کرتا تھا۔
ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس نے 200 سے زائد کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا۔ سی سی ٹی وی ویڈیو میں ملزم کو پیٹرول ڈلواتے اور خاتون کو ساتھ لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ گرفتار ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے انویسٹیگیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے کارروائی کرنے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ کریمنلز کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔











