بہاولپور (پنجاب پوسٹ) موٹروے پولیس سنٹرل ریجن نے ایمانداری اور فرض شناسی کی مثال قائم کرتے ہوئے قومی شاہراہ سے ملنے والے 5 لاکھ 45 ہزار روپے اصل مالک کے حوالے کر دیے۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے پولیس کے افسران ایس آئی صدام حسین اور کانسٹیبل محمد عاطف کو احمد پور شرقیہ کے قریب قومی شاہراہ پر رقم پڑی ہونے کی اطلاع ملی، جس پر اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رقم اپنی تحویل میں لے لی۔
یہ بھی پڑھیں: موٹروے پر سفر کیلئے گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی، مدت میں 15 نومبر تک توسیع کردی گئی
ضروری تصدیق اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد 5 لاکھ 45 ہزار روپے مالک دلشاد احمد کے حوالے کر دیے گئے۔

رقم واپس ملنے پر مالک دلشاد احمد نے موٹروے پولیس کی دیانت داری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔













