لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں خواتین کے لیے نئی جیلوں کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہوگئی، جبکہ خواتین جیل عملے کی تربیت بھی تکمیل کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور، فیصل آباد، سمندری اور راولپنڈی میں خواتین کے لیے نئی جیلیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین کی نئی جیلیں آئندہ ماہ نومبر میں مکمل کرکے ٹیسٹ رن کے لیے فنکشنل کردی جائیں گی۔ جیلوں کی تعمیر کے لیے حکومت کی جانب سے 2 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وویمن جیل لاہور میں 200، راولپنڈی وویمن جیل میں 150 جبکہ فیصل آباد اور سمندری کی وویمن جیلوں میں 100،100 خواتین اہلکار تعینات ہوں گی۔
خواتین اہلکاروں کی ساہیوال پریژن ٹریننگ کالج میں ٹریننگ بھی آخری مراحل میں ہے۔ جیلوں کی تعمیر اور خواتین اہلکاروں کی تربیت مکمل ہونے کے بعد وویمن جیلوں کو ٹیسٹ رن کے لیے باقاعدہ طور پر فنکشنل کردیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وویمن جیل لاہور کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب کریں گی۔











