لاہور (پنجاب پوسٹ)سموگ چھوڑنے والی گاڑیوں کےخلاف ٹریفک پولیس اور ای پی اے کی جانب سے جوائنٹ ناکہ بندی کی جائےگی.دھند کے دوران روڈز کے شولڈرز پر ہیوی ٹریفک کی پارکنگ سے منع کردیا گیا۔
ٹریفک پولیس پنجاب کا تمام سی ٹی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ جاری کردیا.یہ مراسلہ ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز سید ندیم عباس کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
مراسلہ میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ کوئی ایسی گاڑی سڑک پر نہیں چلےگی جو دھواں چھوڑے۔
ٹریفک پولیس، ای پی اے اور محکمہ ٹرانسپورٹ پر مشتمل جوائنٹ چیکنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم جاری کیا گیا۔ ریت، ملبہ، بھوسہ لے جانے والی کھلی گاڑیوں کے خلاف کارروائی، ترپال سے ڈھانپنا لازمی قرار دیا گیا۔
تمام گاڑیوں بشمول موٹر سائیکلز میں ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس، فوگ لائٹس اور انڈیکیٹرز فعال ہونا لازمی ہے۔ کمرشل، ہیوی ٹرانسپورٹ، لوڈر اور ٹریکٹر ٹرالیوں پر ریفلیکٹو ٹیپس اور سٹیکرز لگانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پھر مراسلہ میں اوور سپیڈنگ، ریسنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف کریک ڈاون تیز کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ دھند والے علاقوں میں کیریج وے اور روڈ شولڈر پر ہیوی گاڑیوں کی پارکنگ روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈرائیورز کو گاڑیوں میں فاصلہ رکھنے، رفتار کم کرنے اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی آگاہی دینے کا حکمدیا گیا ہے











