لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے محصولات وصولی میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں غیر معمولی اضافہ کرتے ہوئے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 31 فیصد گروتھ کے ساتھ ٹیکس وصولی کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق پہلی سہ ماہی میں 87 ارب روپے کے محصولات جمع کیے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 66 اعشاریہ 3 ارب روپے اکٹھے کیے گئے تھے۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت سالانہ اہداف کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں سیکٹر وائز مقررہ اہداف، ٹیکس ریٹرنز اور افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
معظم اقبال سپرا نے ہدایت کی کہ ٹیکس ادائیگی میں جعلسازی کرنے والے اداروں کے ریکارڈ کی مکمل چھان بین یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ٹیکس نیٹ میں توسیع اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
چیئرمین پی آر اے کے مطابق ای آئی ایم ایس کے نفاذ اور ٹیکس کمپلائنس بہتر بنانے کے اقدامات سے بھی وصولی میں بہتری آئی ہے۔ ٹیکس ادائیگی میں خردبرد اور جعلی رسیدوں کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔













