لاہور(پنجاب پوسٹ)ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر خواتین پر تشدد اور جنسی جرائم میں ملوث ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں شاد باغ اور مصری شاہ پولیس نے الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون پر تشدد کرنے اور کم عمر سگی بہنوں سے فحش حرکات کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق شاد باغ میں ملزم ساحل نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گلی میں کھڑی خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ تشدد کے باعث خاتون کا چہرہ متاثر ہوا، اسے شدید چوٹیں آئیں اور خون بہنے لگا۔
اطلاع ملنے پر شاد باغ پولیس نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔دوسری جانب مصری شاہ پولیس نے کارروائی کے دوران ڈیڑھ اور پانچ سالہ بچیوں سے فحش حرکات کرنے والے اوباش ملزم کو دھر لیا۔ ملزم احمد محمود نے گلی میں موجود بچیوں سے چھیڑ چھاڑ کی تھی۔
ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بروقت کارروائی اور اوباش ملزمان کی گرفتاری پر پولیس ٹیموں کو شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد اور جنسی استحصال کا نشانہ بنانے والے قانونی کارروائی سے نہیں بچ سکتے۔











