لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور ہائیکورٹ نے جھنگ میں چھ جعلی رجسٹریاں درج کرنے کے مقدمے میں رجسٹری محرر کی درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کو سوموار کے روز تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے تاج محمد کی درخواست پر سماعت کی۔ ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ رپورٹ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ تمام تاریخوں کے ساتھ ریکارڈ لے کر آئے ہیں، اور کیا انکوائری میں ضمنی لکھی جاتی ہے؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کے افسران آپ کو سچ نہیں بتاتے، اسی وجہ سے آپ یہاں کھڑے ہیں۔
عدالت نے سوال اٹھایا کہ کیا عدالت کو دھوکا دینے والا ڈیوٹی پر رہ سکتا ہے؟ عدالت نے کہا کہ ساری کتابیں اور فیصلے یہاں موجود ہیں۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ آپ کے لوگ دوسری عدالتوں میں نجانے کیا کرتے ہوں گے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ آپ نوٹس جاری کر دیں اور آ کر بتا دیں، بلکہ بتائیں کہ اس سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے آپ نے کیا کیا ہے۔
اس پر ڈی جی اینٹی کرپشن نے مؤقف اختیار کیا کہ سسٹم کی بہتری کی کوشش کی جا رہی ہے اور ڈائریکٹرز انسپکشن کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیس میں تفتیشی افسر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کو معلوم ہے کہ رجسٹری محرر کا عہدہ کتنا اہم ہے، جبکہ قانون میں ہر معاملے کے حل کے لیے طریقہ کار موجود ہے۔
درخواست گزار کے وکیل تصور حیات لک ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ جھنگ میں چھ جعلی رجسٹریاں درج کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اینٹی کرپشن نے انکوائری کے بعد 2020 میں ایف آئی آر درج کی، اور اس دوران درخواست گزار اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتا رہا۔
یہ بھی پڑھیں:سب مل ملا کر کام کرتے ہیں، ڈیل دیکھتے ہیں، اینٹی کرپشن کس انتظار میں ہے؟ لاہور ہائیکورٹ
وکیل نے مزید کہا کہ اب اس کیس میں اینٹی کرپشن نے درخواست گزار کو ملوث کر دیا ہے، حالانکہ اس کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست گزار کی عبوری ضمانت کنفرم کی جائے۔












