لاہور( پنجاب پوسٹ)سردیوں میں ایل پی جی کی قلت دور کرنے اور قیمتوں میں کمی لانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی ذیلی کمپنی ایس ایل ایل انٹرنیشنل نے مجموعی طور پر 70 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی خریدنے کے لیے ٹینڈرز جاری کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ ایل پی جی عالمی اسپاٹ مارکیٹ سے خریدی جائے گی، اور اس مقصد کے لیے 20 ہزار اور 50 ہزار میٹرک ٹن کے دو الگ الگ ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور پارکو بھی عالمی منڈی سے ایل پی جی خریدیں گے، یعنی ملک میں رسد بڑھانے کے لیے تین سرکاری سطح کے ادارے سرگرم ہو گئے ہیں۔
سوئی سدرن کی ذیلی کمپنی کے ذرائع کے مطابق درآمدی ایل پی جی لے کر جہاز تقریباً 15 دن میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔کمپنی ذرائع کے مطابق موجودہ عالمی نرخوں کے حساب سے درآمدی ایل پی جی پاکستان پہنچ کر تقریباً 450 روپے فی کلو پڑے گی، جبکہ معمولی منافع شامل کرنے کے بعد اسے 460 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا سکے گا۔ ذرائع کے مطابق پی ایس او، سوئی سدرن گیس کمپنی اور پارکو کو درآمدی ایل پی جی کے نرخ مقرر کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔
کمپنی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اس خریداری کا مقصد کاروباری منافع کمانا نہیں بلکہ مقامی مارکیٹ میں رسد کو بہتر بنانا ہے۔اس وقت ملک بھر میں ایل پی جی 530 سے 630 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہو رہی ہے، یعنی درآمدی ایل پی جی کی متوقع قیمت موجودہ نرخوں سے 70 سے 170 روپے فی کلو تک کم ہے۔ درآمدی ایل پی جی کی آمد سے مارکیٹ میں سپلائی بڑھنے اور قیمتوں میں کمی آنے کا امکان ہے، جس سے سردیوں میں صارفین کو ریلیف مل سکتا ہے۔













