لاہور (پنجاب پوسٹ) اوورہیڈ برجز پر خواتین اور طالبات کے تحفظ کیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ایمرجنسی پینک بٹنز اور کیمروں کی تنصیب کا آغاز کر دیا۔
پہلے مرحلے میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور کنیئرڈ کالج کے اوورہیڈ برجز پر ایمرجنسی پینک بٹنز نصب کیے گئے ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے میں لاہور کے دیگر اہم اوورہیڈ برجز پر بھی پینک بٹنز اور کیمروں کی تنصیب کی جائے گی۔
اوورہیڈ برجز پر طالبات اور خواتین کسی بھی ہراسانی یا ہنگامی صورتحال میں پینک بٹن دبا سکیں گی، جس کے ذریعے خاتون کا براہِ راست سیف سٹی کنٹرول روم سے رابطہ ممکن ہوگا۔ سیف سٹی کنٹرول روم سے صورتحال کا فوری جائزہ لے کر متعلقہ پولیس کو مدد کیلئے روانہ کیا جا سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سگنلز پر بھکاریوں اور نوسربازوں کا خاتمہ، چوری کی وارداتیں روکنے کیلئے بھی بڑا فیصلہ
پینک بٹنز اور کیمروں کی تنصیب سے اوورہیڈ برجز کی لائیو مانیٹرنگ اور مؤثر نگرانی بھی ممکن ہوگی، جبکہ خواتین اور طالبات کو فوری پولیس معاونت کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کیا جا رہا ہے۔ لاہور کے دیگر اوورہیڈ برجز کو بھی مرحلہ وار سیف سٹی سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔
ترجمان سیف سٹیز کا کہنا ہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی خواتین سمیت تمام شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔











