لاہور (پنجاب پوسٹ) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال اور کرائم کنٹرول کا جائزہ لیا گیا۔ سی سی پی او لاہور نے امن و امان کی صورتحال اور کرائم کنٹرول پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس ٹیموں کو شاباش دی۔
اجلاس میں سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں اور نوسربازوں کو کھڑا نہ ہونے دیا جائے جبکہ پیشہ ور بھکاریوں کے منظم گروہوں اور نوسربازوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔
بلال صدیق کمیانہ نے شہر میں پتنگ بازی کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے اور کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے بینکوں، مارکیٹوں اور جیولری شاپس کے سکیورٹی گارڈز کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چوری کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے کرائم ہاٹ اسپاٹس پر سادہ لباس میں پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں۔
سی سی پی او لاہور نے پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں سے موبائل فون اور قیمتی اشیاء کی چوری کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے پولیس افسران کو دفاتر میں مقررہ اوقات میں شہریوں سے ملاقات یقینی بنانے اور سرکاری مصروفیت کی صورت میں شہریوں کو متبادل وقت سے بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذیشان رضا، ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد نوید، ایس ایس پی آپریشنز عبداللہ احمد، اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژن کے ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز انوسٹی گیشن نے شرکت کی۔











