اسلام آباد(پنجاب پوسٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا ہے، جس میں پٹرولیم لیوی کے معاملے پر جاری مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا گیا۔
لیاقت بلوچ کے مطابق احسن اقبال نے رابطے کے دوران وزیراعظم کا پیغام ان تک پہنچایا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن طے شدہ شیڈول کے مطابق ملاقات کریں گے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس ملاقات کے انتظامات اور شیڈول کے حوالے سے جماعت اسلامی اور حکومت کی دونوں کمیٹیاں آپس میں رابطہ کر کے تفصیلات طے کریں گی، اور یہ تفصیلات جلد طے کر لی جائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ حافظ نعیم الرحمن بجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پیز (IPPs) سے متعلق امور بھی وزیراعظم کے سامنے اٹھائیں گے۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ لیوی کے نام پر لیا جانے والا بھتہ مکمل طور پر ختم کیا جائے۔











