شہباز شریف پاکستان واپس آ گئے ہیں دیکھتے ہیں عوام کو کیسے ریلیف دیں گے، دستخطی مہم کے ذریعے 2 کروڑ لوگوں سے رابطہ کرنے کے بعد اسلام آباد کا رخ کریں گے، حافظ نعیم الرحمن

منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مہنگائی، پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جس سے عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرولیم لیوی، بھتہ اور غنڈہ ٹیکس کے خلاف تحریک جاری ہے، حیدرآباد میں بڑا جلسہ بھی ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستخطی مہم کے ذریعے دو کروڑ سے زائد لوگوں سے رابطہ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اسلام آباد کا رخ کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پاکستان واپس آ گئے ہیں، اب دیکھتے ہیں عوام کو کیسے ریلیف دیتے ہیں۔ ان کے مطابق لیوی ٹیکس عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ہے، عالمی مارکیٹ کا لیوی سے کیا تعلق ہے اور ریفائنرز کے آپسی مک مکا کا عالمی مارکیٹ سے کیا تعلق ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہر موقع سے فائدہ اٹھا کر عام لوگوں کی جیب پر ڈاکہ ڈالا جاتا ہے، کیونکہ ٹیکس، ایف بی آر اور شاہ خرچیوں کو بند نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ کم نہ کرنا شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار بننا ہے، آئی ایم ایف نے بھی یہ نہیں کہا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ سود ختم کرنے کی بات کرتے رہے ہیں، 2027ء میں سود کیسے ختم کریں گے، اب تو سود گیارہ فیصد ہے، آپ تو اللہ سے جنگ کر رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ افراطِ زر کا پالیسی ریٹ کم ہونے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے