لاہور (پنجاب پوسٹ) شہر بھر میں 251 گڈز اور مسافر بس اڈوں کی اسکریننگ کے دوران 2562 گاڑیوں اور 2580 ڈرائیورز کا ڈیٹا چیک کیا گیا۔ ٹریفک حکام کے مطابق 1714 ڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ چیکنگ کے لیے ڈیٹا بھجوایا گیا، جس میں 347 ڈرائیور مجرمانہ کیسز میں ملوث نکلے۔
ٹریفک حکام کے مطابق جرائم میں ملوث ڈرائیورز کے خلاف مجموعی طور پر 579 ڈکیتی، چوری، مہلک حادثات، اقدام قتل اور قتل سمیت سنگین مقدمات درج ہیں۔
لائسنس کے لحاظ سے ایل ٹی وی کے 116 ڈرائیور 33 فیصد مقدمات کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ ایچ ٹی وی اور پی ایس وی کے 87 ڈرائیور 25 فیصد مقدمات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ٹریفک حکام کے مطابق ایک ڈرائیور کے خلاف 27 مقدمات، دوسرے کے خلاف 25 مقدمات جبکہ ایک ڈرائیور کے خلاف 14 مقدمات درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
کریمینل ریکارڈ ہولڈر ڈرائیورز کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، جبکہ جرائم پیشہ ڈرائیورز کے لائسنس معطل کرنے کے ساتھ متعلقہ پولیس تھانوں کو بھی ریکارڈ بھجوایا جا رہا ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق آئندہ ٹریفک وارڈنز کو گاڑی کے ریکارڈ کے ساتھ سی آر او بھی چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دیگر ڈرائیورز کے ڈیٹا کلیکشن کے لیے اڈا مالکان سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔











