لاہور(پنجاب پوسٹ)ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے کاہنہ کاچھا انڈسٹریل ایریا (نیو ڈیفنس روڈ) پر واقع نصف درجن کے قریب فیکٹریوں کو سیل کر دیا ہے۔ایل ڈی اے نے پورے انڈسٹریل روڈ کو کمرشل قرار دے کر فیکٹریوں سے منظور شدہ نقشہ جات طلب کرنا شروع کر دیے ہیں۔ جن فیکٹریوں کے پاس نقشے منظور شدہ نہیں، انہیں سیل کیا جا رہا ہے۔
فیکٹری مالکان کے مطابق یہ فیکٹریاں 1990 کی دہائی سے یہاں قائم ہیں، جبکہ اس علاقے میں ایل ڈی اے کا کنٹرول 2000 کے بعد آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ فیکٹریوں کو سیل کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔
مالکان نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر نقشوں کا کوئی قانونی تقاضا ہے تو ایل ڈی اے فیکٹری مالکان کے ساتھ مل بیٹھ کر اس کا حل نکالے۔ وہ نقشے پاس کروانے اور قانونی فیس ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
فیکٹری مالکان نے صدر لاہور چیمبر آف کامرس سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں کردار ادا کریں اور سیل کی گئی فیکٹریوں کو فوری طور پر کھلوایا جائے۔













