لاہور(پنجاب پوسٹ) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے حکم پر گلبرگ اور مضافات میں فوڈ سیفٹی آپریشن کیا گیا، جس کے دوران ایک معروف شاپنگ مال اور مصالحہ جات تیار کرنے والا یونٹ بند کر دیا گیا۔ کارروائی میں 1100 کلو گرام تیار مصالحے اور مشینری ضبط کر لی گئی، جبکہ فنگس زدہ سرخ مرچ موقع پر تلف کر دی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق معروف ڈیپارٹمنٹل سٹور میں موجود امپورٹڈ اشیاء غیر منظور شدہ پائی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ داران انتہائی لازم ریکارڈ اور ضروری دستاویزات پیش نہ کر سکے۔ اشیاء کی پراڈکٹ رجسٹریشن اور لیبل بھی منظور شدہ نہیں تھے۔
مصالحہ جات یونٹ کے معائنے کے دوران صفائی کے انتظامات ناقص پائے گئے۔ اس کے علاوہ ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی نامکمل نکلے۔
منصور احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے حکم پر پنجاب بھر میں چھوٹے بڑے فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خوراک میں ملاوٹ اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔













