لاہور( پنجاب پوسٹ) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے مارکیٹنگ اور اشتہارات کی دنیا کے معتبر عالمی اعزاز ایفی ایوارڈ 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سلور ایفی ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔الخدمت کو یہ اعزاز انسانی امدادی مہم "ہمت رکھو ہم ساتھ کھڑے ہیں” کے لیے کرائسز ریسپانس/کریٹیکل پیوٹ نان پرافٹ آرگنائزیشنز کیٹیگری میں دیا گیا۔
الخدمت فاونڈیشن کے مطابق یہ ایوارڈ مہم کی مؤثر حکمت عملی، بروقت عمل درآمد اور قابلِ پیمائش نتائج کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
ایفی ایوارڈز کو عالمی سطح پر مارکیٹنگ کی مؤثریت کا ایک معتبر معیار سمجھا جاتا ہے، جہاں صرف تخلیقی کام ہی نہیں بلکہ اُن مہمات کو سراہا جاتا ہے جو حقیقی اور عملی نتائج فراہم کرتی ہیں۔
چیف مارکیٹنگ آفیسر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان، محمد عمیر ادریس نے ٹیم ممبران کے ہمراہ یہ ایوارڈ وصول کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن، سید وقاص جعفری نے ایوارڈ کو الخدمت کی پوری ٹیم، رضاکاروں اور ڈونرز کی مشترکہ کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے مشکل حالات میں ضرورت مندوں تک فوری رسائی، مؤثر انسانی امداد اور مربوط رابطہ کاری کے ذریعے ایک نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
مزید برآں، انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز قومی اور بین الاقوامی سطح پر الخدمت فاؤنڈیشن کی ساکھ اور اعتماد کو مزید مستحکم کرے گا اور یہ اس امر کا اعتراف بھی ہے کہ پاکستان کی فلاحی تنظیمیں عالمی معیار کی کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔سید وقاص جعفری کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف ایک اعزاز ہے بلکہ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے کہ انسانیت کی خدمت کے مشن کو مزید مؤثر، وسیع اور مستحکم انداز میں جاری رکھا جائے۔















