لاہور (پنجاب پوسٹ) گزشتہ سال کی نسبت رواں سال لاہور میں زیادتی اور اجتماعی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سٹی 42 نے پولیس ریکارڈ کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران زیادتی کی 498 جبکہ اجتماعی زیادتی کی 36 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ گزشتہ سال کے پہلے 8 ماہ میں زیادتی کے 413 اور اجتماعی زیادتی کے 26 مقدمات درج ہوئے تھے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق سٹی ڈویژن میں گزشتہ سال زیادتی کے 36 جبکہ رواں سال 56 مقدمات درج ہوئے۔ صدر ڈویژن میں گزشتہ سال زیادتی کی 98 جبکہ رواں سال 132 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔
اقبال ٹاؤن ڈویژن میں گزشتہ سال زیادتی کے 46 جبکہ رواں سال 80 مقدمات کا اندراج ہوا، جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں گزشتہ اور رواں سال زیادتی کے 98، 98 واقعات رپورٹ ہوئے۔
اجتماعی زیادتی کے مقدمات کے حوالے سے کینٹ ڈویژن میں گزشتہ سال 5 جبکہ رواں سال 9 مقدمات درج کیے گئے۔ ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں گزشتہ سال اجتماعی زیادتی کے 5 جبکہ رواں سال 10 واقعات رپورٹ ہوئے۔
سول لائنز ڈویژن میں گزشتہ سال اجتماعی زیادتی کے 2 جبکہ رواں سال 3 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں گزشتہ سال 4 جبکہ رواں سال 6 اجتماعی زیادتی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
سٹی ڈویژن میں گزشتہ سال اجتماعی زیادتی کا ایک جبکہ رواں سال 2 مقدمات درج کیے گئے۔














