پنجاب، ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں ریکارڈ 34 فیصد اضافہ، گزشتہ ماہ 8 لاکھ 56 ہزار سے زائد شہری لائسنسنگ سہولیات سے مستفید

لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں ریکارڈ 34 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ گزشتہ ماہ پنجاب میں 8 لاکھ 56 ہزار سے زائد شہری لائسنسنگ سہولیات سے مستفید ہوئے۔

ترجمان کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں ایک لاکھ 39 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ گزشتہ ماہ 4 لاکھ 41 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس بنوائے، جبکہ 2 لاکھ سے زائد شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔

2 لاکھ 17 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیورز لائسنس کی تجدید کروائی، جبکہ ایک ہزار 500 سے زائد شہریوں نے گمشدہ لائسنس دوبارہ حاصل کیے۔ 3 ہزار 600 سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد شہری آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے مستفید ہوئے، جبکہ آن لائن لائسنسنگ سہولیات کے استعمال میں ریکارڈ 168 فیصد اضافہ ہوا۔ 4 لاکھ سے زائد شہریوں نے ای ڈرائیونگ لائسنس ڈاؤن لوڈ کیے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور صوبہ بھر میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں سیکھ کر گاڑی چلانے کے عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ سیکھ کر گاڑی چلانے والوں کی وجہ سے پنجاب میں مہلک حادثات میں 35 فیصد کمی آئی ہے۔

محمد وقاص نذیر نے شہریوں سے کہا کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن پورٹل سے مستفید ہوں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے