لاہور (پنجاب پوسٹ) چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے گوجرانوالہ میں بیٹی کا پتہ چلنے پر حاملہ بیوی پر مبینہ تشدد کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی پی او گوجرانوالہ سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔
گوجرانوالہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کے شوہر کو گرفتار کر لیا جبکہ واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ الٹراساؤنڈ میں بیٹی کا پتہ چلنے پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانا ناقابل برداشت ہے۔ بیٹی رحمت ہے، جرم نہیں، بیٹی کی پیدائش کو عورت پر ظلم کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ واقعے میں ملوث دیگر ذمہ داران کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے۔
حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاتون کے تحفظ، قانونی رہنمائی، طبی اور نفسیاتی معاونت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واضح مؤقف ہے کہ خواتین میری ریڈ لائن ہیں۔ پنجاب میں خواتین کے خلاف تشدد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور فرسودہ ذہنیت کے نام پر خواتین پر ظلم کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
حنا پرویز بٹ نے شہریوں سے اپیل کی کہ خواتین پر تشدد کے واقعات پر خاموش تماشائی نہ بنیں اور فوری اطلاع دیں۔ متاثرہ خواتین قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت کے لیے ہیلپ لائن 080001737 پر رابطہ کریں۔











