سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) سیالکوٹ شہر اور گردونواح میں صفائی کا نظام شدید ابتری کا شکار ہو گیا ہے، جبکہ گلی محلے اور بازار کچرے کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ جگہ جگہ لگے کچرے کے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن سے شہری شدید پریشان ہیں اور ان کا سانس لینا بھی دوبھر ہو گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ گراؤنڈ سے غائب ہے اور صفائی کے دعوے صرف کاغذات تک محدود ہیں۔ تجارتی مرکز اور اہم بازار بھی کچرا کنڈی بن چکے ہیں، جس کے باعث خریداروں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
رہائشی علاقوں میں بھی کچرے کے انبار لگے ہیں، جبکہ نالیوں اور گلیوں میں گندا پانی جمع ہونے کی شکایات عام ہیں۔ شہریوں کے مطابق ویسٹ مینجمنٹ کو بارہا شکایات کے باوجود کوئی سننے والا نہیں۔ بروقت کچرا نہ اٹھائے جانے سے شہر میں موذی بیماریاں اور ڈینگی پھیلنے کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی عدم توجہی پر شہریوں اور تاجر برادری میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف فوری نوٹس لیا جائے، شہر میں اضطراری بنیادوں پر صفائی کی خصوصی مہم چلائی جائے اور ویسٹ مینجمنٹ کی عملداری بحال کی جائے۔











