لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب کے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ 15 ہزار سے زائد خاندانوں کو قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ 273 ارب روپے کی فراہمی کا ہندسہ بھی عبور کر لیا گیا ہے۔
وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پھاٹا، بینک آف پنجاب اور اربن یونٹ کے افسران نے رواں ماہ کے اہداف اور وصولیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
حکام کے مطابق پروگرام کے تحت اب تک 1 لاکھ 22 ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 57 ہزار 500 گھر زیر تعمیر ہیں، جو رواں سال ہی مکمل ہوں گے۔
بلال یاسین نے بتایا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے پورٹل پر درخواست گزاروں کی تعداد 16 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ رواں سال 3 لاکھ سے زائد خاندانوں کو قرضے دیے جائیں گے۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ قرض کی رقم منظور ہونے کے بعد درخواست گزار کو صرف میسج ہی نہیں بلکہ کال بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خوابوں کو حقیقت بنتے دیکھنے والے ہزاروں خاندانوں کی دعاؤں سے اس پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔
بلال یاسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ سیاست نہیں، ہم خدمت کی نیت سے کام کرنے آئے ہیں، آج دنیا دیکھ رہی ہے۔ صوبے کے ہر ضلع میں گھروں کی تعمیر عوامی خدمت کی نشانی ہوگی۔












