لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا امکان، ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سلمان علی آغا سے ٹی ٹوئنٹی کپتانی واپس لیے جانے کا امکان ہے، جبکہ سلمان علی آغا کو ٹیسٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے بھی باہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سلمان علی آغا اب صرف ون ڈے ٹیم میں نظر آئیں گے۔
نئے ٹی ٹوئنٹی کپتان کی دوڑ میں صاحبزادہ فرحان اور شاداب خان شامل ہیں۔ پی سی بی میں چند عہدادار صاحبزادہ فرحان جبکہ کچھ شاداب خان کو کپتان بنانے کے حق میں ہیں۔
حارث رؤف کے بعد شاہین آفریدی کو بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے باہر کرنے کی تیاری ہے، تاہم شاہین آفریدی ون ڈے ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے۔
ایجبسٹن ٹیسٹ کے ہیرو رضا اللہ کی وائٹ بال اسکواڈ میں شمولیت کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق رضا اللہ کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز اکتوبر میں کھیلے جائیں گے۔ راولپنڈی میں 9 سے 13 اکتوبر تک پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی۔
تین ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ 18 سے 31 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔ راولپنڈی اور لاہور تین ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ کے میزبان ہوں گے، جس میں پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔











