لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور پولیس نے پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے ماہِ ستمبر کے دوران 679 افراد کو گرفتار کرکے 671 مقدمات درج کر لیے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 1556 افراد کو گرفتار جبکہ 1537 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار گداگروں میں 1525 مرد اور 31 خواتین شامل ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ گداگری کی آڑ میں جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ معذوروں کا روپ دھار کر شہریوں کو لوٹنے والے بہروپیوں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے معصوم بچوں کو گداگری پر مجبور کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ گداگر مافیا کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، جبکہ ٹریفک سگنلز، اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات پر گداگروں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں۔










