صفائی کی ناقص صورتحال کی شکایات، قصور، فیصل آباد اور اوکاڑہ کے ایم ڈی ہٹا دئیے گئے

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مختلف شہروں میں صفائی کی ناقص صورتحال کی شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قصور، فیصل آباد اور اوکاڑہ کے ایم ڈیز کو عہدوں سے ہٹا دیا۔ ناقص کارکردگی پر ”ستھرا پنجاب“ سے ہٹائے جانے والے ایم ڈیز کو دیگر پوسٹنگ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صفائی کی ناقص صورتحال پر متعلقہ ایم ڈیز کو وارننگ جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کی زیر صدارت اجلاس میں ”ستھرا پنجاب“ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں ”ستھرا پنجاب“ کے فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز (ایف ایم اوز) کی ٹریکنگ کے لیے باڈی کیم لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو ایف ایم اوز کی نگرانی کے لیے روزانہ مانیٹرنگ کے اقدامات کرنے اور فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز کی نگرانی کے لیے باقاعدہ مانیٹرنگ سیکشن بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن مہم میں بہتری کے لیے 15 دن کا ہدف دے دیا جبکہ پنجاب بھر میں ”ستھرا پنجاب“ بیٹ سسٹم کو پوری طرح فعال کرنے کی ہدایت بھی کی۔

بریفنگ کے مطابق پنجاب کی بیشتر تحصیلوں میں ”ستھرا پنجاب“ ورکرز کو بروقت ادائیگی مکمل کردی گئی ہے۔ تمام ڈویژن میں اینٹی لٹرنگ سکواڈ متحرک ہیں، جن کی جانب سے 77 ہزار 137 انسپکشنز کی گئیں اور 9 ہزار 353 وارننگز جاری کی گئیں۔

اینٹی لٹرنگ سکواڈ نے گندگی کی وجہ سے 19 چالان جاری کیے جبکہ لاہور میں بھی اینٹی لٹرنگ سکواڈ متحرک ہے اور 53 ہزار 186 انسپکشنز کی گئی ہیں۔

اینٹی لٹرنگ کمپین کے تحت سیف سٹی کیمروں سے ڈیجیٹل چالان بھی شروع کردیے گئے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق سیف سٹی کیمروں سے 2 ہزار 156 ڈیجیٹل چالان جاری کیے جاچکے ہیں۔

پنجاب بھر میں کوڑا کرکٹ ڈالنے کے لیے 37 ہزار 852 مقامات پر بن (Bin) لگا دیے گئے ہیں جبکہ ”ستھرا پنجاب“ سے متعلق پنجاب بھر میں 6 لاکھ 76 ہزار 551 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 99 فیصد شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے