لاہور (پنجاب پوسٹ) چار ماہ قبل شادی شدہ خاتون کا شوہر مبینہ طور پر سونا لوٹ کر فرار ہوگیا، خاتون اپنا مسئلہ لے کر ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری میں پہنچ گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ایس ایچ او بادامی باغ کو خاتون کو 7 دن کے اندر سونا واپس دلوانے کا حکم دے دیا۔
کھلی کچہری میں ایک شہری نے موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود موٹر سائیکل نہ ملنے کی شکایت کی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او گڑھی شاہو کو موٹر سائیکل تلاش کرنے کی ہدایت کی۔
ایک خاتون سائلہ نے شوہر کی وفات کے بعد دوسری بیوی کے بچوں پر تشدد کا الزام عائد کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ایس ایچ او باغبانپورہ کو معاملہ حل کروانے کا حکم دیا۔
ایک شہری نے مقدمے سے دستبرداری کے لیے دھمکیاں ملنے کی شکایت کی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او بادامی باغ کو شہری کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا۔
ایک خاتون سائلہ نے سسرالیوں کی جانب سے جہیز واپس کرنے کا مطالبہ کرنے پر اس پر چوری کا الزام لگانے کی شکایت بھی کی۔ فیصل کامران نے ایس ایچ او مصطفیٰ آباد کو معاملے کی تصدیق اور اسے حل کروانے کی ہدایت کی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے روزانہ دوپہر ایک سے 3 بجے تک کھلی کچہری سے رجوع کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار کو دوپہر 12 بجے فیس بک لائیو کے ذریعے بھی شکایات درج کرائی جا سکتی ہیں۔













