پنجاب میں گرین اسکول سرٹیفکیشن پروگرام میں بڑی پیش رفت ، لاکھوں طلبا شامل

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب میں گرین اسکول سرٹیفکیشن پروگرام کے تحت نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سیکریٹری ماحولیات پنجاب سلوت سعید کے مطابق صوبے کے اکتالیس اضلاع کے چھبیس ہزار تین سو تیس اسکول اس پروگرام میں شامل ہو چکے ہیں، جبکہ ستتر لاکھ سے زائد طلبہ اور اساتذہ اس میں رجسٹرڈ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق تعلیمی اداروں میں گرین کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے اور ماحولیاتی شعور کو نصاب کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

پروگرام کے تحت ہوا، پانی، توانائی، ویسٹ مینجمنٹ اور شجرکاری جیسے شعبوں میں عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں اسکولوں میں ماحول دوست سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سیکریٹری ماحولیات کے مطابق پنجاب بھر کے اسکولوں میں سنگل یوز پلاسٹک کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں اور نئی نسل کو ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی تربیت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سو پوائنٹس پر مبنی سخت مانیٹرنگ نظام نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت اسکولوں کو کارکردگی کی بنیاد پر ایک سے پانچ ستارہ سرٹیفکیشن دیا جائے گا۔

سرکاری اسکول اس پروگرام میں سب سے زیادہ شامل ہیں جبکہ نجی تعلیمی اداروں کی دلچسپی بھی بڑھ رہی ہے۔

لاہور، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں خصوصی آگاہی سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں طلبہ اور اساتذہ کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی عملی تربیت دی جا رہی ہے۔

اساتذہ کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام بھی شروع کیے گئے ہیں تاکہ وہ ماحول دوست پالیسیوں کے نفاذ میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

سیکریٹری ماحولیات نے بتایا کہ بین الاقوامی ادارے جیسے یونیسیف اور ڈبلیو ڈبلیو ایف سمیت مختلف ادارے اس پروگرام میں شریک ہیں، جس سے یہ اقدام بین الاقوامی معیار کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔

ان کے مطابق یہ پروگرام صرف سرٹیفکیشن نہیں بلکہ رویوں کی تبدیلی کی مہم ہے، جس کے ذریعے طلبہ اپنے گھروں تک ماحولیاتی پیغام پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیمی شعبے کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف عملی اقدامات کو ادارہ جاتی شکل دی جا رہی ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے