لاہور(پنجاب پوسٹ) حکومتِ پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھر میں ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر 30 روز کیلئے پابندی نافذ کی گئی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے یہ پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت لگائی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات کی کوریج کیلئے چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہو گی، تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہو گی۔ انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔
محکمہ داخلہ نے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت کیلئے ضلعی سطح پر "سیف ڈرون یوزیج کمیٹی” تشکیل دی ہے۔ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کیلئے ڈرون کے استعمال کی تحریری اجازت یہی کمیٹی دے گی، اور اس کی تحریری اجازت سے ڈرونز کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہو گا۔
حکومتِ پنجاب کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔ صوبے بھر میں انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کر دی گئی ہے۔










