پنجاب حکومت سرگودھا اور میانوالی میں ہسپتالوں کے نظام میں کیا تبدیلیاں لا رہی ہے ؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کمشنر آفس سرگودھا میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرگودھا میں زیر تکمیل 100 بستروں پر مشتمل کینسر ہسپتال کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کینسر ہسپتال کی تعمیر، مجوزہ طبی سہولیات اور منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ہسپتال میں جدید تشخیصی اور علاج معالجے کی سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ کینسر کے مریضوں کو تشخیص سے علاج تک بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں۔

مجوزہ کینسر ہسپتال میں جدید طبی آلات اور سہولیات کی فراہمی کی تجویز دی گئی ہے، جن میں PET اسکین، 128 سلائس CT اسکین، CT سمیولیٹر، میموگرافی اور ریڈی ایشن مشینری شامل ہیں۔ اجلاس میں ان سہولیات کے حوالے سے منصوبہ بندی اور ہسپتال کے لیے تجویز کردہ مختلف سائٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے متعلقہ حکام کو کینسر ہسپتال کے لیے تجویز کردہ سائٹس کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی پیش رفت میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کو معیاری علاج کی بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس میں مریم نواز میڈیکل کالج اینڈ ٹیچنگ ہسپتال میانوالی کے منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر میانوالی شاہد عباس کاٹھیا نے منصوبے کے فیز ون، جاری تعمیراتی کاموں اور فیز ٹو سے متعلق پیش رفت سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے ہدایت کی کہ سرگودھا اور میانوالی کے صحت کے منصوبوں کو مقررہ اہداف کے مطابق آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے صحت کے منصوبوں میں تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں صحت کے جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو منصوبوں کی تکمیل کے لیے مقررہ اہداف اور معیار کو مدنظر رکھنے کی ہدایات دی گئیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے