لاہور(پنجاب پوسٹ)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کو اپنے مسافروں کو ناقص سہولیات کی فراہمی اور سامان کی بروقت ترسیل میں ناکامی کے باعث پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے ایک کروڑ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے، جس کی ادائیگی کے لیے 25 ستمبر تک کی حتمی مہلت دی گئی تھی۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق یہ جرمانہ پروازوں کی آمد کے بعد مسافروں کے سامان کی تاخیر سے ترسیل پر عائد کیا گیا۔ صرف اسلام آباد ایئرپورٹ پر 70 لاکھ روپے سے زائد جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر 14 لاکھ 85 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا۔ پی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو باقاعدہ وارننگ دینے کے باوجود ادارہ مقررہ وقت میں جرمانہ ادا کرنے میں ناکام رہا۔
یہ بھی پڑھیں:فیصل آباد: ٹرانسپورٹر کی نقدی اور ڈیزل چوری کرنے والا ملازم گرفتار
دوسری جانب پی آئی اے حکام نے سامان کی تاخیر کی ذمہ داری پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی پر عائد کر دی ہے۔ جنرل مینجر ٹریفک طارق مجید کا مؤقف ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی اے اے کی کنویئر بیلٹ اور سکینر ناکافی ہیں، جس کے باعث سامان کی فراہمی میں تاخیر ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد پروازوں کے بیک وقت اترنے اور پی اے اے کی محدود آپریشنل صلاحیت کے باعث بھی مسافروں کے سامان کی بروقت ترسیل ممکن نہیں ہو پاتی۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے جرمانے معمول کی کارروائی کا حصہ ہیں اور دیگر ایئرلائنز کو بھی اسی طرح کے جرمانوں کا سامنا رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ جرمانے کم یا ختم کروانے کے لیے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی سے رابطے میں ہے۔










