لاہور (پنجاب پوسٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم کی واپسی پر پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو وہ خود اسلام آباد جا کر شکرانے کے نوافل ادا کریں گےوزیراعظم کی واپسی پر پیٹرولیم لیوی ختم، بصورت دیگر لانگ مارچ بھرپور انداز میں شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے نفرتوں میں اضافے کا باعث قرار دیا اور ملک گیر دستخطی مہم کے آغاز کا اعلان بھی کیا۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت نے لاہور جلسے کو ناکام بنانے کے لیے کنٹینرز لگائے مگر عوام کی بھاری شرکت نے حکومتی حربے ناکام بنا دیے۔ انہوں نے مہنگی بجلی، پٹرول اور اشیائے خورونوش کو عوام کی بدحالی کی بڑی وجہ قرار دیا اور کہا کہ جماعت اسلامی نے کے پی، سندھ اور پنجاب کے کئی شہروں میں مزید جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سستا آٹا اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے دو کروڑ دستخطوں پر مبنی مہم شروع کی جا رہی ہے۔ حکومت سے چھ مذاکراتی ادوار کے باوجود مسئلہ حل نہ ہونے پر ملتان سے لانگ مارچ کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے سرکاری اخراجات، پروٹوکول اور آئی ایم ایف کی مداخلت پر بھی کڑی تنقید کی، اور واضح کیا کہ پرامن سیاسی جدوجہد کسی کرکٹ میچ کو متاثر نہیں کرے گی۔










