میاں چنوں: ٹی ایچ کیو ہسپتال کے ڈائیلاسز یونٹ میں زیرعلاج 19 سالہ عفیفہ سمیت دو بچیوں اور ایک خاتون میں ایچ آئی وی کی علامات، سوالات اٹھ گئے

میاں چنوں (پنجاب پوسٹ) ٹی ایچ کیو ہسپتال کے ڈائیلاسز یونٹ میں زیرعلاج 19 سالہ عفیفہ سمیت دو بچیوں اور ایک خاتون میں ایچ آئی وی کی علامات ظاہر ہونے کا معاملہ سامنے آیا جہاں متاثرہ مریضوں کو مزید تشخیص اور علاج کے لیے ملتان ریفر کردیا گیا جبکہ عفیفہ کی والدہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بیٹی کو ڈائیلاسز کے دوران ایچ آئی وی وائرس منتقل ہوا۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حتمی تصدیق پی سی آر ٹیسٹ کے بعد ہی ممکن ہے۔

عفیفہ کی والدہ کے مطابق ان کی 19 سالہ بیٹی گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے ٹی ایچ کیو ہسپتال میاں چنوں میں ڈائیلاسز کرا رہی ہے اور نجی لیبارٹریوں کی رپورٹس میں ایچ آئی وی پازیٹو ہونے کی نشاندہی ہوئی ہے۔ والدہ کا کہنا ہے کہ بچی کو مزید علاج کے لیے ملتان کڈنی سینٹر ریفر کیا گیا، جہاں ایک بار ڈائیلاسز کے بعد اسے گھر واپس بھیج دیا گیا، جبکہ اس وقت بچی کی حالت تشویشناک ہے۔

WhatsApp Image 2026 09 26 at 2.22.16 PM 2

والدہ نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، بچی کے علاج اور معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے دوسری جانب آغا خان لیبارٹری اور آئی ڈی سی کی رپورٹس میں بھی متاثرہ مریضوں کے ایچ آئی وی پازیٹو ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جبکہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق سرکاری لیبارٹری کی رپورٹ تاحال نیگیٹو ہے، جس کے باعث رپورٹس میں مبینہ تضاد پایا جارہا ہے ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال میاں چنوں ڈاکٹر محمد آصف کے مطابق عفیفہ کا 9 ستمبر کو ہونے والا ایچ آئی وی ٹیسٹ نیگیٹو تھا۔

WhatsApp Image 2026 09 26 at 2.22.17 PM

ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ڈائیلاسز مشین سے ایچ آئی وی منتقل ہونے کا امکان نہیں، کیونکہ مقررہ طبی احتیاطی تدابیر اختیار کی جاتی ہیں ڈاکٹر محمد آصف کے مطابق ڈائیلاسز کے مریضوں میں خون کی کمی کے باعث بعض اوقات خون لگانے کی ضرورت پڑتی ہے، اس لیے خون کی منتقلی سمیت دیگر ممکنہ عوامل بھی دیکھے جارہے ہیں، تاہم حتمی وجہ پی سی آر ٹیسٹ کے بعد ہی سامنے آسکتی ہے۔

WhatsApp Image 2026 09 26 at 2.22.17 PM 2

ایم ایس کے مطابق مشتبہ مریضوں کی رپورٹس پنجاب ایڈز پروگرام کے ذریعے مزید تصدیق کے لیے ایڈز سنٹر ملتان بھجوائی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی سی آر ٹیسٹ سے حتمی تصدیق تک کسی مریض کے بارے میں حتمی رائے قائم نہیں کی جاسکتی دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے