لاہور (پنجاب پوسٹ) سیشن عدالت نے خاتون پروفیسر کو ہراساں کرنے کے معاملے میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پی آر او کو 50، 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج عبدالغفار نے ایک ارب روپے ہرجانے کے دعوے کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت کے مطابق وائس چانسلر اور یونیورسٹی کے پی آر او شرجیل تین نوٹسز کے بعد عدالت میں پیش ہوئے اور دونوں افسران نے حاضری لگوائی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام پورہ: خاوند نے مبینہ طور پر بیوی کو چھت سے گرا دیا
درخواست گزار ڈاکٹر سونیا ایمرسن کے وکیل صفدر شاہین پیرزادہ نے عدالت میں دلائل دیے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وائس چانسلر نے غیر اخلاقی مطالبات پورے نہ کرنے پر خاتون پروفیسر کو ہراساں کیا، جبکہ یونیورسٹی کے پی آر او نے وائس چانسلر کے کہنے پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت وائس چانسلر اور پی آر او کو ایک ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے اور معافی مانگنے کا حکم دے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔











