لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور کے جناح اسپتال میں واقع آئی وارڈ میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے اسپتال میں افراتفری پھیل گئی تاہم بروقت کارروائی کے باعث بڑا نقصان ہونے سے بچ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسپتال انتظامیہ اور عملہ متحرک ہوگیا اور او پی ڈی سمیت اسپتال کے مختلف شعبوں میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے ساتھ موجود تیمارداروں کو حفاظتی طور پر باہر منتقل کیا گیا، جس سے کسی بھی جانی نقصان کے خدشے کو ٹالا جا سکا۔
اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی متعدد گاڑیاں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں اور اسپتال کے عملے نے مل کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق عملے نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 10 منٹ کے دورانیے میں آگ پر مکمل قابو پا لیا۔ ترجمان اسپتال کا کہنا تھا کہ آگ اب مکمل طور پر بجھا دی گئی ہے اور صورتحال کنٹرول میں ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ اس واقعے میں کسی مریض یا عملے کے رکن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، البتہ آئی وارڈ میں موجود سازوسامان کو کس حد تک نقصان پہنچا، اس حوالے سے تاحال کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔













