لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے ماضی کے پرتشدد، انتشار، فساد اور دہشت گردی کے واقعات کی ویڈیو جاری کردی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا مسلسل اپنے عہدے اور آفس کی بے توقیری اور تضحیک کروا رہے ہیں۔ 2014 میں ڈی چوک پر قبریں کھودنے، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان پر حملہ کرنے والے ایک دفعہ پھر ریاست پر حملہ آور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’اوئے آئی جی، اوئے ایس ایس پی، اوئے وزیراعظم، میں تمہیں گھسیٹوں گا‘‘ والا جتھہ پھر سے حملہ آور ہے۔ پولیس کے سر پھاڑنے اور پولیس کی آنکھیں پھوڑنے والے غنڈے پھر سے حملہ آور ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ’’مار دو، جلا دو، آگ لگا دو‘‘ والے غنڈے ایک دفعہ پھر ریاست پر حملہ آور ہونے کے لیے آ رہے ہیں۔ دنیا کے کسی مہذب ملک میں کوئی بھی ریاست پر جتھے لے کر حملہ آور نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے پی ٹی آئی کو ’’فارن فنڈڈ فتنہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک دفعہ پھر پاکستان کے خلاف حملہ آور ہے۔ ان کے مطابق یہ سیاسی جماعت نہیں بلکہ فارن فنڈنگ کے تحت پاکستان کے خلاف منصوبہ بندی کرنے والوں کے سہولت کار ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاسی جماعت کا لبادہ اوڑھ کر پی ٹی آئی ریاست کے خلاف ہمیشہ دہشت گردی کرتی ہے، یہ ڈی چوک میں قبریں کھودنے والا منحوس ٹولہ اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے وہی شرپسند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان سیاسی دہشت گردوں کا فسادی انداز نہ بدلا ہے اور نہ بدلے گا۔ ملک ڈیفالٹ سے کیوں بچ گیا، اس کے خلاف دھرنا دے رہے ہیں۔ دھرنا دنیا میں پاکستان کی سفارتی عزت کی بحالی کے خلاف ہے، جس کی تباہی چڑھا کر گئے تھے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 27 ستمبر کو 2014 کا ’’ری پیٹ‘‘ دھرنا اور 9 مئی نہیں ہونے دیں گے۔ ان کے مطابق فارن فنڈڈ فتنہ ایک دفعہ پھر اپنے ہی ملک کی پولیس اور رینجرز کے سر پھاڑنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ و فساد ٹولہ ایک دفعہ پھر ایمبولینسز جلانے اور آگ لگانے کے لیے تیار ہے، جبکہ پولیس پر پٹرول بم برسانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فتنہ اور فسادی غنڈے پاکستان کے عوام کے کاروبار، روزگار، نوجوانوں کی تعلیم اور مزدور کے رزق کے خلاف ہیں۔










