پنجاب پولیو فری ، تین روز میں 61 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے،کس شہر میں کتنے بچوں کو سہولت دی گئی ؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب بھر میں جاری انسدادِ پولیو مہم کا آج چوتھا روز ہے جس کے دوران صوبے کے 9 اضلاع میں کیچ اپ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سربراہ انسداد پولیو پروگرام کے مطابق ان اضلاع میں مہم آج اپنے اختتام کو پہنچے گی۔

انسداد پولیو پروگرام کے مطابق مہم کے پہلے تین دنوں کے دوران 61 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 9 لاکھ 5 ہزار بچوں کو ویکسین دی گئی، جبکہ راولپنڈی میں یہ تعداد 4 لاکھ سے زائد اور ملتان میں 7 لاکھ رہی۔

واضح رہے کہ مہم پنجاب کے 10 اضلاع میں بیک وقت جاری ہے، تاہم لاہور میں اس کا دورانیہ 7 روز مقرر کیا گیا ہے۔انسداد پولیو پروگرام کے کوآرڈینیٹر خالد پرویز نے بتایا کہ کیچ اپ کے دن ان بچوں کو خصوصی طور پر قطرے پلائے جائیں گے جو کسی وجہ سے پہلے مرحلے میں ویکسین سے محروم رہ گئے تھے۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ کیچ اپ کے روز اپنے بچوں کو لازمی پولیو قطرے پلوائیں، جبکہ پولیو ٹیموں کو ہدایت کی گئی کہ مہمان بچوں کو بھی ویکسین کے دائرے میں لایا جائے۔خالد پرویز نے مزید کہا کہ پنجاب میں پولیو وائرس کے دوبارہ داخلے کو رد نہیں کیا جا سکتا، اسی خطرے کے پیش نظر مکمل کوریج کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تاکہ وائرس کی نئی انٹری کو روکا جا سکے۔

انسداد پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ مہم کو ہر صورت 100 فیصد کامیاب بنایا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کی جدوجہد میں پنجاب کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور صوبے بھر کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کا خاتمہ ہو چکا ہے، تاہم اس کامیابی کو برقرار رکھنے اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے