راولپنڈی (پنجاب پوسٹ)محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی اور اٹک کے مخصوص علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے وفاقی وزارتِ داخلہ کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ فیصلہ پولیس کی جانب سے موصول ہونے والی درخواست پر کیا گیا ہے تاکہ متعلقہ علاقوں میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔ مراسلے میں راولپنڈی کے مخصوص مقامات پر 2G، 3G اور 4G نیٹ ورک کو جام کرنے کی درخواست کی گئی ہے، جبکہ اٹک میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کو ڈاؤن گریڈ کرنے کی سفارش شامل ہے۔
دستاویز کے مطابق موٹروے پر واقع براہمہ باہتر، گنجو، احاطہ، ٹیکسلا سٹی، واہ صدر، تھلیاں اور چکری کے علاقے اس اقدام کی زد میں آئیں گے، جہاں 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی سطح کم کر دی جائے گی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا کہ یہ اقدام عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے اور کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔









