لاہور (پنجاب پوسٹ)کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت شہر میں چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف اقدامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں چوری اور جیب تراشی میں ملوث عادی مجرمان کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنے اور ان کی موثر نگرانی یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ اہم شاہراہوں اور ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں اور نوسر بازوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:خاتون کے ذریعے ریکی اور واردات،4 رکنی گینگ گرفتار
اس موقع پر بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ٹریفک سگنلز پر نوسر بازی کے ذریعے وارداتیں کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ سی سی پی او لاہور نے مزید ہدایت دی کہ چوری کی وارداتوں کے ہاٹ اسپاٹس پر موثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے، جبکہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈویژنل ایس پیز چوری کے مقدمات کی تفتیش کی خود نگرانی کریں، جبکہ افسران اپنی سپرویژن اور کمانڈ کو بہتر بنائیں اور پروفیشنل پولیسنگ پر فوکس کریں۔
اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن) عمران کشور، ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) ذیشان رضا، ڈی آئی جی (آپریشنز) فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن) محمد نوید، ایس ایس پی (آپریشنز) عبداللہ احمد اور تمام ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔









