چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا: ٹیکس نظام میں شفافیت اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے فروغ کے لیے جامع اقدامات کا اعلان

لاہور (پنجاب پوسٹ)پنجاب ریونیو اتھارٹی نے صوبے بھر میں کاروباری اداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی مہم میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک سال کے دوران 35 ہزار نئے کاروباروں کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ یہ بات چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیرِ صدارت صوبہ بھر میں رجسٹریشن اور ٹیکس نیٹ اہداف کے جائزے کے لیے منعقدہ اجلاس میں سامنے آئی۔

اجلاس میں چیئرمین پی آر اے نے ہدایت دی کہ کاروبار کی رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ ٹیکس ریٹرنز میں شفافیت کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کاروباری سرگرمیوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

معظم اقبال سپرا نے واضح کیا کہ ماہانہ 5 لاکھ روپے تک سیلز حجم رکھنے والے کاروباروں کا پی آر اے کے الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک ہونا لازمی ہے، جس سے کاروباری لین دین اور ٹیکس ادائیگی میں شفافیت مزید بہتر ہوگی۔ انہوں نے تمام کمشنرز کو ہدایت کی کہ رجسٹرڈ کاروباروں کے ٹیکس ریٹرنز اور انوائسز کی سنٹرل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔

چیئرمین پی آر اے نے کہا کہ بزنس رجسٹریشن کا مقصد محض تعداد میں اضافہ نہیں بلکہ ٹیکس نظام میں شفافیت اور ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے تمام کمشنرز کو ہدایت دی کہ کاروباری افراد کو ٹیکس قوانین اور ریٹرن فائلنگ سے متعلق آگاہی دینے کے لیے خصوصی سیشنز کا انعقاد کروایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ٹیکس دہندگان کے لیے آسان، شفاف اور جدید ڈیجیٹل نظام کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں گے، اور کاروباری سرگرمیوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ سے ریکارڈ میں جعلسازی کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے