لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں ریکارڈ ٹیکس وصولی کرلی، پہلی بار دو ماہ کے دوران 54 ارب 80 کروڑ روپے اکٹھے کیے گئے۔
ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں 43 ارب 30 کروڑ روپے ٹیکس جمع کیا گیا تھا، رواں مالی سال کی ابتدائی دو ماہ کی وصولی میں 11 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اسپیشل یونٹس اور لارج ٹیکس پیئر کمشنریٹ کے قیام سے محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور براہ راست ادائیگیوں سے ٹیکس وصولی میں شفافیت اور محصولات میں اضافہ ہوا ہے۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت ماہانہ ریونیو اہداف سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ٹیکس وصولی، کمپلائنس اور انفورسمنٹ کا جائزہ لیا گیا۔
معظم اقبال سپرا نے کہا کہ پنجاب میں ٹیکس کمپلائنس، انفورسمنٹ اور ڈیجیٹل ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے انفورسمنٹ ٹیموں کو فیلڈ آپریشنز میں تیزی لانے اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق عوام کی جانب سے ادا کیے گئے ٹیکس میں خردبرد قانوناً جرم ہے، جعلسازی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔











