لاہور(پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں نے مختلف نوعیت کی شکایات پیش کیں۔
کھلی کچہری میں پیش کی جانے والی بیشتر شکایات کرایہ داری، گروی اور کاروباری فراڈ سے متعلق تھیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کی شکایات سننے کے بعد متعلقہ ایس ایچ اوز کو فوری قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
فیصل کامران کا کہنا تھا کہ خواتین پر تشدد کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ہر شہری کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سرگودھا پولیس کی گزشتہ 24 گھنٹوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤ
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط بنانا ہے، جبکہ شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن سے عوامی اعتماد بحال ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تھانوں کی سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر نگرانی جاری ہے۔ تمام ایس ایچ اوز شام 3 سے 5 بجے تک تھانوں میں موجود ہوں گے تاکہ شہری براہِ راست اپنی شکایات پیش کر سکیں۔
فیصل کامران نے کہا کہ اگر کسی شہری کی تھانے کی سطح پر دادرسی نہ ہو تو وہ دوپہر 1 سے 3 بجے تک ان کے دفتر آ کر اپنی شکایت پیش کر سکتا ہے۔












